سب رنگ کہانیاں تبصرہ

سب رنگ کہانیاں 2، شکیل عادل زادہ کا حیرتکدہ

کچھ دن پہلے میں نے سب رنگ کہانیاں کے تیسرے حصے پر ایک تبصرہ لکھا تھا اور اس میں کہا تھا کہ اس میں کچھ کہانیاں بہت اچھی تھیں، کچھ اچھی، اور کچھ ماٹھی کہانیاں تھیں۔ اس کے بعد میں نے دوسرا حصہ پڑھا تو اس پر تبصرہ پیش خدمت ہے۔

شکیل عادل زادہ اور سب رنگ ڈائجسٹ

شکیل عادل زادہ اور سب رنگ کہانیاں کی جب بھی بات ہوئی، تبصرہ لکھنے والوں نے یہی کہا کہ بطور مدیر شکیل عادل زادہ نے سب رنگ ڈائجسٹ کا معیار یقینی بنایا، اور مقدار کی بجائے معیار کو اس حد تک یقینی بنایا کہ سب رنگ ڈائجسٹ کی اشاعت بھی تاخیر کا شکار ہوتی رہی صرف اس لیے کہ اس معیار کی تحاریر کا حصول یقینی بنایا جائے جو سب رنگ ڈائجسٹ کا طرہ امتیاز تھا۔ ان کی اسی شہرت سے متاثر ہو کر میں نے سب رنگ کہانیاں کے تین حصے خرید لیے مگر پڑھنے کی ترتیب یہ رکھی کہ پہلے تیسرا حصہ شروع کیا، پھر دوسرا اور آخر میں پہلا۔ کیونکہ میرے خیال میں، سب سے اچھی کہانیاں پہلے حصے میں ہونی تھیں تو میں نے سوچا کہ سب سے لذیذ ڈش آخر میں کھانی چاہیے تاکہ سواد تادیر قائم رہے۔

میں نے جب سب رنگ کہانیاں کا تیسرا حصہ پڑھا تو میری پہلی رائے یہ تھی کہ اچھا مجموعہ ہے مگر اس مجموعے میں کچھ کہانیاں کم سے کم میرے ذوق کی تسکین کرنے میں ناکام رہی تھیں۔ لیکن اس کے باوجود مجموعی تاثر اچھا ہی تھا جس کا کچھ کریڈٹ رواں ترجمے اور بک کارنر کے شاندار اشاعتی معیار کو ضرور جاتا ہے۔

لیکن سب رنگ کہانیاں 2 پڑھنے کے بعد میں شکیل عادل زادہ کے انتخاب، کڑے معیار کا گرویدہ ہو گیا۔

سب رنگ کہانیاں
سب رنگ کہانیاں 2

سب رنگ کہانیاں 2، ترجمہ و اشاعت

جیسا کہ سب رنگ کہانیاں 3 میں ترجمے اور اشاعت کی نفاست کے بارے میں پہلے بات کر چکا ہوں، بک کارنر جہلم نے اس سلسلے کی سبھی کتب بہت محنت اور محبت اور شائع کی ہیں۔ ترجمہ رواں تو ہے ہی، کاغذ بھی بہت دیدہ زیب ہے۔ جو معیار شکیل عادل زادہ نے ترجمے اور کہانیوں کے انتخاب میں پسند کیا، وہی معیار بک کارنر جہلم نے کتاب کی اشاعت میں برقرار رکھی۔ پروف ریڈنگ، نفاست، خوبصورت، ہر لحاظ سے کتاب ایک شاہکار ہے۔ یہ کتاب پڑھنے کےلیے اٹھاتے وقت ہی دل خوش ہو جاتا ہے۔

شکیل عادل زادہ کا حیرتکدہ

مجھے فکشن میں جو چیز سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے، وہ ہے ایک چونکا دینے والا انجام۔ سب رنگ کہانیاں ایسی کہانیوں سے بھری پڑی ہیں جن کے انجام چونکا دینے اور سوچنے پر مجبور کر دینے والے ہیں۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ ایک باذوق قاری ہوں اور کہانی پڑھنے کے بعد کچھ لمحے حیرت زدہ نہ رہ جائیں اور ایک دو بار اس کہانی کے بارے سوچیں نہ۔

سب رنگ کہانیاں 2، موضوعات

ایسا نہیں کہ سب رنگ کہانیاں 2 کے موضوعات یک رخے ہوں، بلکہ موضوعات میں ایک ایسا تنوع ہے جو کتاب اور کہانی میں دلچسپی برقرار رکھتا ہے۔ محبت کرنے والوں کی کہانیاں بھی اس میں آپ کو ملیں گی اور جرائم پیشہ لوگوں کے قصے بھی، کہیں والدین کی قربانیاں نظر آئیں گی تو کہیں بہنوں کے پھڈے ہوں گے۔ پریشان کر دینے والا انجام بھی ہو گا اور لبوں پہ مسکراہٹ لینے والا اختتام بھی۔ سو، یہ کہا جا سکتا ہے کہ سب رنگ کہانیاں 2 میں تقریباََ ہر پڑھنے والے کو متاثر کر دینے والی کہانیاں موجود ہیں۔

سب رنگ کہانیاں 2، ایک مجموعی تاثر

سب رنگ کہانیاں 2 ان کتابوں میں سے ہے جنہیں میں ایک ہی دن میں ختم کرنے کے بجائے شدید سردی میں گرما گرم چائے کی طرح ایک ایک چسکی لیتے ہوئے، مزہ لیتے ہوئے پڑھنا پسند کروں گا۔ ایک ایک کہانی ایسی شاندار ہے کہ پڑھنے کے بعد دل کرتا ہے کہ کچھ دیر آنکھ بند کر کے اس کہانی کی بنت، پلاٹ، ترجمے اور اختتام کو سوچا جائے، اور اس کا لطف لیا جائے۔

Related Posts

One thought on “سب رنگ کہانیاں 2، شکیل عادل زادہ کا حیرتکدہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *